خیبر ایجنسی، سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ، دو اہلکار ہلاک
شیعہ نیوز (کے پی کے) پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل میں آج پیر کے روز ایک ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔ دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق فرنٹیئر کور( ایف سی) کا قافلہ تحصیل لنڈی کوتل سے جمرود جانے جارہا تھا جب سدوخیل کے مقام پر ان کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب ریمورٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے سے ایف سی کی گاڑی بھی تباہ ہوگئی، جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ خیبر ایجنسی میں اس سے قبل بھی کئی بار اس قسم کے حملے ہوچکے ہیں اور یہ علاقہ افغان سرحد سے متصل ہے جہاں پر القاعدہ سے تعلق رہنے والے شدت پسندوں کی بھی پناہ گاہیں موجودہ ہیں۔ یاد رہے کہ ہفتے کے روز بھی خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور خاصہ دار فورس کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں ایک بچے سمیت گیارہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔