تکفیری گروہ کے ناپاک عزائم کو شیعہ سنی عوام اپنے اتحاد سے ہر میدان میں ناکام بنا رہی ہے، آغا رضا رضوی
شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما اور رُکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے تقریب بین المسالک کے شیعہ سنی جوانوں کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کہیں بھی شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں۔ پاکستان میں شیعہ اور سنی مسلمانوں کے قتل میں ایک ہی تکفیری گروہ ملوث ہے۔ جس کا کام پاکستان میں شیعہ سنی مسلمانوں میں اختلافات کی باتیں کرکے دوریاں پیدا کرنا ہے۔ ایسے نام نہاد تنگ نظر اور متعصب گروہوں کا وجود ہی اسی میں ہے کہ وہ اختلافی باتوں سے معصوم مسلمانوں اور اپنے کارکنوں کو گمراہ کریں لیکن پاکستان کے محب وطن مسلمان اب اپنے مشترکہ دشمن کو پہچان چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس مشترکہ تکفیری گروہ کے ناپاک عزائم کو شیعہ سنی عوام اپنے اتحاد سے ہر میدان میں ناکام بنا رہی ہے۔ جو لوگ پاکستان میں شیعہ سنی میں اختلاف کی بات کرتے ہیں وہ پاکستان دشمن، اسلام دشمن اور انسان دشمن طاقتوں کے آلہ کار ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہزارہ قوم پُرامن، تعلیم یافتہ، روشن فکر، ترقی پسند، دوسری اقوام، مذاہب و مسالک کے عقائد و نظریات کا احترام کرنے والی دیندار قوم ہے۔ ہزارہ قوم کا انتہاء پسندی اور شدت پسندی سے دور دور تک کبھی بھی کوئی واسطہ نہیں رہا۔ ہزارہ قوم کا دین مبین اسلام سے والہانہ لگاؤ اور پاکستان سے محبت ہی ہے، جس کی وجہ سے گذشتہ دو دہائیوں سے کوئٹہ میں اسلام دشمن تکفیریوں کی دہشت گردانہ کاروائیوں اور بربریت کا نشانہ بن رہی ہے۔
سید محمد رضا کا مزید کہنا تھا کہ ان سخت حالات کے باوجود ہزارہ قوم نے آج تک قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہزارہ قوم سیاسی و دینی شعور رکھتی ہے اور امن کی راہ میں ہزاروں جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بلوچستان میں امن کے قیام میں بھرپور کردار ادا کرتی آ رہی ہے۔ لہٰذا ہزارہ قوم کو کوئٹہ کے ایک حلقہ تک محدود و تنہائی کا شکار کرنے اور اخبارات میں پُرامن ہزارہ قوم کے بارے میں مسلسل غیر ذمہ دارانہ بیانات دے کر ہزارہ قوم کی بدنامی کا باعث بننے والا گروہ ہزارہ قوم کو جھوٹ کی بنیاد پر مزید تاریکی میں نہیں رکھ سکتا۔ ہزارہ قوم اب اخباری سیاست کرنے والوں کے مکر و فریب اور پروپیگنڈے میں نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملک گیر سیاسی جماعت ہے۔ جو کوئٹہ میں آباد ہزارہ اور دیگر مومنین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ سچ اور مظلوم کی حمایت کی سیاست کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض گروہ ایم ڈبلیوایم کے سنی شیعہ کے مابین اتحاد، ہزارہ قوم کو پاکستان بھر کے اقوام کے ساتھ یکجاء کرنے، قومی سیاسی و مذہبی انتہاء پسندی کے خلاف عملی جدوجہد کرنے جیسے اقدامات سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں، اور اپنی ڈوبی ہوئی سیاسی ساکھ کو تنکے کا سہارا دینے کے لئے جھوٹ کی بنیاد پر اخبارات اور سوشل میڈیا میں غیر ذمہ دارانہ انتہا پسندانہ بیانات دینے پر اتر آئے ہیں۔ اپنے آپ کو سیاست کے میدان کا کھلاڑی کہلانے والوں سے ہزارہ قوم یہ پوچھنے پر حق بجانب ہے، کہ اخبارات میں پرامن ہزارہ قوم کے خلاف بیانات دے کر دراصل یہ گروہ کن دہشت گردوں کا ساتھ دے رہا ہے۔