نوحہ خواں ایس ایم نقی کی سربراہی میں مرکزی تنظیم عزاداری کے وفد کی ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی سے ملاقات
شیعہ نیوز (کراچی ) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان احمد سلیم صدیقی اور سیف یار خان نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے ہمیشہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اورمذہبی رواداری کے فروغ کے لیے جدوجہد کی ہے، ایم کیو ایم الطاف حسین کے فلسفے پر عمل پیرا رہتے ہوئے ملک میں امن و امان اور تمام مذاہب کے لیے برابری کے حقوق کی کوششیں کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں مرکزی تنظیم عزادری کراچی کے صدر ایس ایم نقی کی قیادت میں آئے وفد سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر انھوں نے وفد کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین ملک میں بسنے والے تمام مظلوم و محروم عوام کی آواز ہیں اور انھوں نے جدوجہد کے آغاز سے ہی ملک سے انتہا پسندی اور مذہبی منافرت کے خاتمے کی کوششیں کی ہیں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد اور اراکین علماء کمیٹی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر مرکزی تنظیم عزادری کراچی کے صدر ایس ایم نقی اور وفد کے شرکاء نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے تحریر کردہ مضمون ’’ کڑوی حقیقتیں ۔۔۔ سچ کیا ہے ۔۔۔ جھوٹ کیا ‘‘ کی مکمل تائید کی اور شیعہ سنی مذہبی فسادات کی روک تھام سمیت ملک میں مذہبی رواداری کے قیام میں الطاف حسین کی کاوشوں کو سراہا اور انھوں نے اس ضمن میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔ وفد میں مرکزی تنظیم عذاداری کے سینئر نائب صدر شمس الحسن شمسی، ممبر سینئر ایگزیکٹو ابرار حسن، ریاض مرزا، ممبر سپریم کونسل علامہ علی کرار نقوی، مولانا عباس مہدی ترابی، ابوذر نقوی مشاورتی کمیٹی کے نائب صدر باقر رضا اور اراکین شامل تھے۔