Uncategorized

اہل سنّت پاک فوج کو اسلامی ممالک میں بھیجنے پر مزاحمت کریں گے، صاحبزادہ حامد رضا

شیعہ نیوز (فیصل آباد) سنی اتحاد کونسل 20 اپریل کو دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں استحکام پاکستان جلسہ کرے گی۔ جمعہ 21مارچ کو ملک بھر میں ’’یومِ امن و محبت‘‘ منایا جائے گا۔ اس موقع پر ملک بھر میں انسانی جان کی حرمت کے موضوع پر خطباتِ جمعہ ہوں گے۔ 15 اپریل کو سفیر امن صاحبزادہ فضل کریم کی پہلی برسی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ 23 مارچ کو ’’یومِ تجدیدِ نظریۂ پاکستان‘‘ کے طور پر منایا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداران کے خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔ یہ اجلاس چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی زیرصدارت جامعہ رضویہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پاکستانی حکومت اسلامی ممالک کی اندرونی کشمکش کا حصہ نہ بنے۔ اہلسنّت پاک فوج کو اسلامی ممالک میں بھیجنے کی مزاحمت کریں گے، ڈالروں سے حکمرانوں کے ضمیر خریدے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد فوج، پولیس، میڈیا، عدلیہ اور عوام پر حملہ آور ہیں، جہاد کے نام پر ڈالروں کی سوداگری کرنے والے انسانیت کے مجرم ہیں، پاکستانی معاشرے کو طالبان زدہ بننے سے بچانا ہو گا۔ کراچی پر قبضے کی جنگ میں بے گناہ لوگ مر رہے ہیں۔ تھر میں سندھ حکومت اور چولستان میں پنجاب حکومت نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔ دہشت گردی میں ملوث مخصوص مکتبۂ فکر کے راہنماؤں سے حکمرانوں کی ملاقاتیں ریاستی ناانصافی ہے۔ تحریک پاکستان کے مخالفین کی نازبرداریاں کر کے قائداعظم کی روح کو تڑپایا جا رہا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی نے کہا کہ وزارت داخلہ ختم کر کے ہوم لینڈ سکیورٹی طرز کا ادارہ بنایا جائے۔ بھارت کے جنگی جنون سے پاکستان کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ کالعدم تنظیم کو اہلسنّت والجماعت کا ٹائٹل استعمال کرنے سے روکا جائے۔

صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی نے کہا کہ حقیقی اہلسنّت والجماعت صوفیاء کے ماننے والے ہیں، ’’یا رسول اللہﷺ‘‘ کہنے والوں کے سوا کوئی اہلسنّت نہیں۔ پیر سیّد محمد اقبال شاہ نے کہا کہ تھر اور چولستان میں قحط زدگان کی بے بسی اور حکمرانوں کی بے حسی عروج پر ہے۔ اہلسنّت والجماعت کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ کالعدم دہشت گرد تنظیم اہلسنّت کی چھتری تلے پناہ لینے کی کوشش کر رہی ہے۔ علامہ محمد شریف رضوی نے کہا کہ فرقہ وارانہ دہشت گردی میں ملوث گروہ کا اہلسنّت والجماعت کہلانا برداشت نہیں کر سکتے۔ اجلاس سے سیّد جوادالحسن کاظمی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، صاحبزادہ مطلوب رضا، میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی، مفتی محمد رمضان جامی، ارشد مصطفائی، اسد رفیق رضوی، مفتی محمد یونس رضوی، علامہ حامد سرفراز، شیخ محمد ذووالفقار رضوی نے بھی خطاب کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button