امامیہ رابطہ کونسل پشاور کے وفد کی علامہ امین شہیدی سے ملاقات
شیعہ نیوز (پشاور) امامیہ رابطہ کونسل پشاور کے وفد نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں پشاور میں ملت جعفریہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وفد نے علامہ امین شہیدی کو پشاور میں ٹارگٹ کلنگ، شیعہ مخالف اقدامات اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر علامہ امین شہیدی نے کہا کہ اگر مسائل کا حل نکالنا ہے تو سب سے پہلے ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ضروری ہے، کہ ہم جو کام کر رہے ہیں وہ اپنی ذات یا شہرت کے لئے ہے، یا رضا الہی کے لئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پشاور میں ہماری طرف کسی قسم کا تعاوں درکار ہوا تو انشاء اللہ ہم ضرور کرینگے۔ ہماری دیرینہ خواہش ہے کہ پشاور کے مومنین کسی بھی طرح اُٹھ کر اپنے حقوق کا دفاع کریں اور ہم بھی اس میں بھرپور حصہ ڈالنے کو تیار ہیں۔ علامہ امین شہیدی کیساتھ ملاقات کرنے والے وفد میں سید اظہر علی شاہ، سید ابرار حسین شاہ، بختیار راضی اور مجلس وحدت مسلمین خیبر پختون وا کے آفس سیکرٹری ارشاد حسین بنگش شامل تھے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پشاور کی سطح پر آئندہ مختلف قسم کے ملی پروگرام مشترکہ طور پر تشکیل دیئے جائیں گے۔