اصحاب رسول (رض) کے مزارات کی اہانت کیخلاف کراچی میں ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کی دفاع صحابہ ریلی
رہنماؤں نے کہا کہ ایک مخصوص مکتب فکر کی سوچ رکھنے والے اس سے قبل بھی نواسی رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقدس مزارات کو نشانہ بناچکے ہیں، القائدہ و طالبان میں کوئی فرق نہیں، شام میں جہاد کے نام پر پوری دنیا سے بھیجے جانے والے دہشتگردوں کا مقصد صرف اسلام کو بدنام کرنا ہے، نواز شریف حکومت نے دہشتگردوں سے مذاکرات شروع کرکے ملک کو امریکی کالونی بنانے کا عندیہ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے حالات امریکی ایماء پر خراب کئے جا رہے ہیں، عرب ممالک مملکت پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہیں، نواز حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ عرب ممالک کی جنگ میں فریق بن کر پاکستان کی سالمیت کو داؤ پر نہ لگائیں۔ احتجاجی دفاع صحابہ ریلی میں شیعہ و سنی علماء و عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی، ریلی میں موجود شرکاء نے تکفیریت مردہ باد، القائدہ طالبان مردہ باد، امریکہ و اسرائیل مردہ باد سمیت شیعہ سنی اتحاد کے نعرے لگائے۔