جبھہ مقاومت نے جبھہ استعمار کو شام میں بدترین شکست دی ہے، علامہ شفقت شیرازی
علامہ شفقت شیرازی کا کہنا تھا کہ امریکہ سمیت عرب حکمران چاہتے ہیں کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی محاذوں پر الجھا دیں اور پاکستان کو غیر مستحکم کر دیا جائے تا کہ پاکستان ہمیشہ ہمیشہ کے لئے عالمی استعماری قوتوں کا محتاج بن کر رہ جائے، تاہم انہی ناپاک سازشوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے امریکی و صیہونی ایماء پر سعودی اور بحرینی بادشاہتیں سرگرم عمل ہیں اور چاہتی ہیں کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں لگائی جانے والی آگ میں دھکیل دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے شام سمیت مشرق وسطیٰ کے کسی بھی ملک میں مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومت کو واضح کرتے ہیں کہ امریکی و صیہونی اور عرب حکمرانوں کی ایماء پر ملک کو آگ میں جھونکنے کی کوششوں سے اجتناب کیا جائے ورنہ سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
علامہ شفقت حسین شیرازی نے واضح کیا کہ شام ایک ایسا ملک ہے کہ جس کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ تعلقات رہے ہیں تاہم پاکستان حکومت کو کسی بھی دوسرے ملک کی ایماء پر شام اور بحرین کے معاملات میں دخل اندازی سے گریز کرنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کے مسئلے میں صیہونی قوتیں امریکہ اور اسرائیل پاکستان کو جنگ و جدل کی دلدل میں پھنسانا چاہتے ہیں، ایک طرف ملک کے اندرون خانہ عرب ممالک کے پروردہ اور صیہونی اسرائیل کے حامی طالبان دہشت گردو ں نے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے تو دوسری جانب سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک صہیونی غاصب ریاست اسرائیل کی ایماء پر پاکستان کو شام کی جنگ میں دھکیلنا چاہتے ہیں اور پاکستان کے کردار کو داغدار کرنے کی گھناؤنی سازشیں کرر ہے ہیں۔