Uncategorized

پاکستانی قوم کو طالبان کی ہوم میڈ شریعت قبول نہیں ہے، صاحبزادہ حامد رضا

شیعہ نیوز (لاہور) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مذاکرات سے امن کی امید رکھنا خوش فہمی ہے، انگریزوں سے وفاداری کے عوض ملنے والی جاگیریں ضبط کی جائیں، حکومت روزگار دینے کی بجائے روزگار چھیننے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، کوئٹہ میں سریاب روڈ پر بم دھماکہ افسوسناک ہے، عوام کو روٹی، رہائش اور روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں 20 اپریل کو ہونے والی استحکام پاکستان کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات کا نتیجہ امن نہیں ریاست کا سرنڈر ہوگا، حکومت دہشت گردوں کو اہمیت دے کر دوسرے مسالک کو بھی مسلح ہونے پر مجبور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل 20 اپریل کو دھوبی گھاٹ فیصل آباد کے جلسہ میں اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرے گی، اس جلسہ میں دہشت گردی کے خاتمے کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ حکومت مشرق وسطیٰ کی آگ میں چھلانگ نہ لگائے، ڈالروں کے معاملے میں حکومت سچ چھپا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ کو ہِٹ کرنے والے ہَٹ دھرم ہیں، دہشت گرد کینسر بن چکے ہیں اور کینسر سے مذاکرات نہیں علاج کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ظالم کو معاف کرنا مظلوم کے ساتھ ظلم ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ شام میں حضرت خواجہ اویس قرنی (رض) اور حضرت عمار بن یاسر (رض) کے مزارات پر دھماکے کرنے والوں نے اللہ کے عذاب کو دعوت دی ہے، شرپسند خارجی ٹولہ مزارات پر حملوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو برباد اور بدصورت بنانے والے دہشت گرد بدبخت ہیں، دہشت گردوں سے وفاداری ملک سے غداری کے مترادف ہے۔

سربراہ سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ حکومت مذاکراتی پالیسی پر اہلسنّت کے خطرات، خدشات اور تحفظات دور کرے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانا پوری قوم کی آواز ہے، قوم طالبان کی ہوم میڈ شریعت قبول نہیں کرے گی۔ صاحبزادہ حامد کا مزید کہنا تھا کہ جن دہشت گردوں کے ہاتھ فوجیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ان سے ہاتھ ملانے والے قومی مجرم اور غدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تقدیر بدلنے کے دعویداروں نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا ہے، حکمران مال بنائو پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ایٹمی ریاست کی کمزور ترین ریاستی رٹ مذاق بن چکی ہے، بلاول بھٹو زرداری کو کالعدم تنظیم کی طرف سے ملنے والی دھمکیاں قابل مذمت ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button