این ای ڈی یونیورسٹی کے لیکچرر منتظر مہدی کی شہادت کی مذمت کرتے ہیں، آئی ایس او کراچی
شیعہ نیوز (کراچی) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علی رضوی نے کہاہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے لیکچرر منتظر مہدی کی شہادت سندھ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ امامیہ میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آئے روز کراچی میں شیعہ ڈاکٹرز، وکلاء اور اساتذہ کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور حکومت بے بس اور خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ شہر کراچی پر دہشت گردوں کی حکومت ہے۔ علی رضوی نے مزید کہا کہ آئی ایس او ہر علم دشمن اقدام کی مذمت کرتی ہے، منتظر مہدی شہید کا قتل علم دشمن دہشت گردوں کی وطن عزیز کو جہالت کے اندھیروں میں دھکیلنے کی سازش ہے، ہمارا ہر جوان سرزمین پاکستان میں ہر علم دشمن قوت کے سیسہ پلائی دیوار ہے، آئی ایس او کے تمام کارکنان ہر قیمت پر پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کو تحفظ کریں گے۔ آئی ایس او کراچی کے صدر نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید منتظر مہدی کے قاتلوں کو بے نقاب کرکے فی الفور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔