پاکستانی شیعہ خبریں

طالبان اور ان کی پشت پناہ جماعتیں پاکستان کیلئے زہر قاتل ہیں، خانم زہرا نجفی

شیعہ نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین لیڈیز ونگ کی صوبائی سیکریٹری جنرل خانم زہرا نجفی نے کہا ہے کہ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ہے، کراچی انسانی خون کا کنواں بن چکا ہے، روزانہ ایک درجن سے زائد بے گناہ شہریوں کا قتل معمول بن چکا ہے، حکمرانوں کی بے حسی ملک کو مزید نقصان پہنچا رہی ہے جنہوں نے ملک کے کسی شہری کی جان نہیں بخشی حکمران ان سے اپنے اقتدار کی بخشش کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب پر ایم ڈبلیو ایم خواتین ونگ کراچی کے زیر اہتمام ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے والے افراد کے لواحقین سمت خواتین کارکنان اور معصوم بچوں کی بڑی تعداد احتجاجی مظاہرے میں شریک تھی جنہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نامنظور نامنظور دہشت گردی نا منظور، ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرو، امریکہ مردہ، طالبان مردہ باد، اسرائیل نامنظور اور مذاکرات نامنظور کے نعرے درج تھے۔

خانم زہرا نجفی نے کہا کہ وطن عزیز کو کسی بیرونی نہیں بلکہ داخلی دشمن سے خطرہ ہے، طالبان اور ان کے پشت پناہ سیاسی و مذہبی جماعتیں پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے زہر قاتل ہیں، ایک منظم پلاننگ کے تحت ملک کو غیر ملکی ایجنڈے پر دہشت گردوں کے سپرد کیا جا رہا ہے، مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی صورتحال اور شام میں تکفیری دہشت گردوں کو اسلامی مقاومت کے ہاتھوں ہو نے والی تاریخی شکست کے بعد پاکستان تکفیری دہشت گردوں کے آقاؤں کا تختہ مشق بننے جا رہا ہے، پاکستان کے ناعاقبت اندیش حکمران محض چند ڈالروں اور ریالوں کے خاطر قومی سالمیت اور استحکام کو داؤ پر لگانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں جاری مسلسل ٹارگٹ کلنگ خصوصاً شیعہ مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز کی اندوہناک قتل و غارت گری بے حس حکمرانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے لئے لمحہ فکریہ ہے، شدید مالی پریشانیوں، تنگ دستیوں اور معاشی مشکلات کے بعد اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ڈاکٹر، انجینئر اور وکیل بننے والے افراد کو بلاجواز دن دھاڑے قتل کر دیا جانا قومی المیے کا سبب بننے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام کاروائیاں ملک کو پڑھے لکھے لوگوں سے نجات دلاکر جاہل ان پڑھ دہشت گردوں کو مسلط کرنے کے لئے کی جارہی ہیں، روزانہ کی بنیاد پر شہید ہونے والے بے گناہ شہریوں کے معصوم بچوں، بیواؤں، بوڑھی ماؤں کی آہیں اور سسکیاں بے حس حکمرانوں کے اقتدار کے زوال کو سبب بنیں گی۔ انہوں نے صوبائی وزیراعلیٰ قائم علی شاہ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، آئی جی پولیس، ڈی جی رینجرز اور اعلیٰ حکام کو متنبہ کیا کہ اگر ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام اور گرفتار دہشت گردوں کو فوری سزا دینے میں مزید سستی اور کاہلی کا مظاہرہ کیا تو ایم ڈبلیو ایم شہداء کے اہل خانہ کے ہمراہ سڑکوں پر سراپا احتجاج ہوگی اور پھر ہمارا احتجاج دہشت گردوں اور نا اہل حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button