پاکستانی شیعہ خبریں

سندھ پر مذہبی انتہاء پسندوں اور جنونیوں کا قبضہ نہیں ہونے دینگے، جئے سندھ محاذ

شیعہ نیوز (پنگریو) جئے سندھ محاذ کے مرکزی چیئرمین ریاض چانڈیو نے کہا ہے کہ سندھ میں صدیوں سے چلی آرہی مذہبی رواداری اور صوفی ازم کو انتہاء پسندی میں تبدیل کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، مندروں پر ہونے والے حملے اور مقدس اوراق کی بے حرمتی ان سازشوں کا حصہ ہیں، سندھ کے عوام ان سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ وہ پنگریو میں بھیل برادری کے رہنما لکھو پٹیل کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ریاض چانڈیو نے مزید کہا کہ سندھ میں تعصب اور نفرت کی سیاست کا کوئی وجود نہیں، ہم سندھ سے محبت کرنے والوں اور اس دھرتی کو اپنی ماں سمجھنے والوں کو سندھی مانتے ہیں، سندھ میں صوفیائے کرام نے ہمیشہ باہمی محبت اور روا داری کا درس دیا ہے، عوام اس دھرتی پر مذہبی انتہاء پسندوں اور جنونیوں کا قبضہ نہیں ہونے دینگے، سندھ میں سرکاری ادارے تعصب پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ پاکستان بل اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ بل ایک ڈیتھ بل ہے جس کے خلاف ہر ممکن مزاحمت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس بل کے نفاذ سے ملک میں کسی کی بھی جان محفوظ نہیں رہے گی، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جب اور جس کو چاہیں گے پکڑ کر گولی مار دیں گے، اس بل سے قبل ہی صوبے میں یہ حالت ہے کہ رینجرز اہلکار بلاجواز شہریوں کو قتل کر رہے ہیں، اس بل میں 19 گریڈ کے افسر کو انسانوں کے قتل کا لائسنس دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقصود قریشی اور دیگر قوم پرست رہنماؤں کے قتل کی ذمہ دار پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی اور نواز لیگ کی وفاقی حکومتیں ہیں پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی بات صرف اپنی سیاست چمکانے کے لئے کرتی ہے ورنہ اس کے ٹویٹر سربراہوں کو سندھ کے عوام سے کوئی محبت نہیں ہے، پیپلز پارٹی جمہوریت کے نام پر ایک بڑا تماشہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف، آصف علی زرداری اور قائم علی شاہ عوام کے مجرم ہیں، سندھ کے وسائل پر وفاق نے قبضہ کر رکھا ہے اور سندھ کے لاکھوں عوام دو وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button