پاکستانی شیعہ خبریں

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کی جائے ورنہ سنگین نتائج برآمد ہوں گے، علامہ امین شہیدی

شیعہ نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا ہے کہ شہر کراچی میں معصوم انسانوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے اور حکومت سندھ اقتدار کی بندر بانٹ تقسیم میں مصروف عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پاک محرم ہال میں منعقدہ ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں میں مولانا منور نقوی، مولانا علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن اور علی حسین نقوی بھی موجود تھے۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ شہر کراچی میں گذشتہ ایک ہفتے میں دس سے زائد شیعہ مسلمانوں کا قتل سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، حکومت سندھ کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات کرے ورنہ سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ کئی ماہ سے شہر کراچی میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملت جعفریہ کے عمائدین اور نوجوانوں سمیت علماء کرام، ڈاکٹروں، پروفیسروں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کر قوم اور ملک و ملت کو عظیم سرمایہ سے محروم کرنے کی گھناؤنی سازش پر عمل کیا جا رہا ہے اور افسوس ناک بات یہ ہے کہ سندھ حکومت کسی ایک بھی قاتل کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوانے میں ناکام نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تو ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ طویل عرصے سے قتل کئے جانے والے ملت کے عظیم سپوتوں کے قتل عام میں خود سندھ حکومت اور اعلیٰ ریاستی ادارے بھی ملوث ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور قاتلوں کو گرفتار کر کے منظر عام پر لایا جائے اور سندھ میں بسنے والے محب وطن پاکستانیوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر ملت جعفریہ اپنے حقوق کے دفاع کی خاطر کسی قسم کے راست اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ گلگت اور بلتستان کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو معاف نہیں کریں گے اور وفاقی حکومت سمیت گلگت انتظامیہ یہ بات جان لے کہ گلگت اور بلتستان میں گندم سبسڈی کو بحال نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع ہوکر اسلام آباد میں ایوانوں تک جا پہنچے گا اور حالات کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے وفاقی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فی الفور گندم سبسڈی کو بحال کیا جائے اور گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی فراہمی میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے، گلگت اور بلتستان میں جاری عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاجی دھرنوں اور لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، ضرورت پڑی تو ملک بھر میں پہیہ جام کر دیں گے۔ علامہ امین شہیدی نے کراچی میں گذشتہ دنوں دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بننے والے معروف صحافی اور اینکرپرسن حامد میر پر قاتلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت حامد میر سمیت شہر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے دیگر صحافی بھائیوں سمیت عام شہریوں کے قتل میں ملوث خطرناک اور ملک دشمن دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button