ائیر چیف مارشل کا طالبان کے خلاف آپریشن کا اعلان انتہائی افسوسناک ہے، پروفیسر ابراہیم
شیعہ نیوز(پشاور)ائیر چیف مارشل کا طالبان کے خلاف آپریشن کا اعلان انتہائی افسوسناک ہے۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر اور طالبان رابطہ کمیٹی کے رکن پروفیسر محمد ابراہیم خان نے پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں ان سے سوال کرتا ہوں کہ سلالہ چیک پوسٹ پرحملہ کے وقت ائیر چیف اور ان کی پاک فضائیہ کہاں تھی۔؟ اسلام دشمن قوتوں کے خلاف اُٹھنے کی بجائے اپنے عوام پر اسلحہ کا استعمال ڈکٹیٹر پرویز مشرف کا طریقہ تھا جو آج بھی حکمرانوں کے اندر موجود ہے۔ طالبان کمیٹی کے ممبر کی حیثیت سے ہماری خواہش ہے کہ ڈی جی،آئی ایس آئی اور آرمی چیف سے ہماری ملاقات ہو تاکہ مذاکرات کو درست سمت میں آگے بڑھانے کے عمل کو تیز کیا جاسکے۔ فوج کا مذاکراتی عمل میں شریک ہونا مفید ہوگا۔ مولانا یوسف شاہ کا طالبان رہنماؤں سے رابطہ ہوا ہے اور انہوں نے مشاورت کے لئے دو دن کا وقت مانگا ہے۔ امید ہے ایک دو روز میں حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کی طالبان شوریٰ کی کمیٹی سے ملاقات ہوگی۔ کراچی میں مدرسے کےاوپر دستی بم حملہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ اخوان المسلمون کے مرشد عام اور کارکنوں کو سزائے موت دئیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔