اپنے اپنے دائروں سے نکل کر نام علی (ع) پر یکجا ہوجائیں، مقررین
شیعہ نیوز(ٹیکسلا) تشیع کے خلاف دشمن متحد ہو رہا ہے۔ ملت جعفریہ کو دشمن صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ متحد ہوجائیں اور دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ڈٹ جائیں۔ جس کے لئے ہمیں آپسی جھگڑوں کو ختم اور اپنے گرد لگائے دائروں کو مٹانا ہوگا، اگر ہم نے وحدت کا دامن نہ تھاما تو پشیمانی اٹھانا پڑے گی۔ اپنے اپنے دائروں سے نکل کر نام علی (ع) پر یکجا ہوجائیں۔ ان خیالات کا اظہار علامہ مہدی رضا شیرازی نے ٹیکسلا میں عظمت آئمہ (ع) اور دفاع صحابہ (رض) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ امیر حسین جعفری نے کہا کہ دفاع صحابہ (رض) پر جمع یہ اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ شیعہ صحابہ کا منکر نہیں، یہ صرف تکفیریوں کا پروپیگنڈا ہے۔ علامہ غلام قاسم جعفری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ عظمت اہل بیت، صحابہ کا طرہ امتیاز تھا، ہمیں چاہیے کہ ماتمی سنگتوں کے نام صحابہ کرام کے ناموں پر رکھیں۔ جعفریہ یوتھ پاکستان کے عہدیدار جعفر نقوی کا کہنا تھا کہ شام میں گھناونی کارروائیاں کرنے والے دہشت گردوں نے تکفیریوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ دنیا جان چکی ہے کہ یہ لوگ صحابہ کرام کے دشمن ہیں۔ تقریب سے شیعہ علماء کونسل ٹیکسلا کے سیکرٹری جنرل اعجاز نقوی نے بھی خطاب کیا۔