پاکستانی شیعہ خبریں

واٹر بورڈ نے جعفر طیار واٹر سپلائی پروجیکٹ کا این او سی جاری نہیں کیا تو پر زور احتجاج ہوگا، ایم ڈبلیو ایم

شیعہ نیوز (کراچی) ایشیاء کی سب سے بڑی کوآپریٹو سوسائٹی بنیادی سہولیات سے محروم ہے، سندھ حکومت کی جانب سے 36 انچ کے پانی کا نیا کنکشن منظور ہونے کے بعد واٹر بورڈ کے چند متعصب افسران مسلسل رکاوٹیں ڈال رہے ہیں، چیئرمین واٹر بورڈ ان رکاوٹوں کا فوری نوٹس لیں، اگر ایک ہفتے کے اندر واٹر بورڈ نے جعفر طیار واٹر سپلائی پروجیکٹ کی این او سی جاری نہ کی تو اہلیان جعفر طیار واٹر بورڈ افسران کے خلاف شدید احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل احسن عباس رضوی نے وحدت ہاؤس ملیر میں جاری ضلع کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثمر زیدی، سیکریٹری سیاسیات حسن عباس، سیکریٹری مالیات شیراز زیدی، سیکریٹری فلاح و بہبود اسد علی، سیکریٹری اطلاعات محمد جعفر، سیکریٹری رابطہ سعید رضا اور سیکریٹری تبلیغات محمد حسین مطہری بھی موجود تھے۔

احسن عباس رضوی کا شرکائے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گذشتہ حکومتوں نے جس طرح جعفر طیار کو نظر انداز کیا آج پھر بعض ادارے اسی روش پر کار فرما ہیں، 27 ہزار نفوس پر مشتمل آبادی میٹھے پانی، پکی سڑکیں اور صفائی ستھرائی جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں، پچھلے ایک سال سے فائبر آپٹکس کی لائنیں جعفر طیار میں بچھانے کی کوشش کی جارہی ہیں لیکن بعض کرپٹ عناصر جو سیاسی چھتری کا سہارا لیئے ہوئے ہیں، اس پروجیکٹ کی تکمیل میں مسلسل رکاوٹ بن رہے ہیں اور بزور طاقت اور اسلحہ مزدوروں کو ہراساں کرکے بھگا دیتے ہیں، گذشتہ پانچ ماہ سے مجلس وحدت مسلمین اور سندھ حکومت کے درمیان جعفر طیار میں میٹھے پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب جب کے منصوبہ آغاز کے قریب پہنچ چکا ہے، واٹر بورڈ میں موجود کالی بھیڑیں اس منصوبے کی تکمیل میں رکاوٹ بن رہی ہیں، جن کی خواہش ہے کہ اہلیان جعفر طیار میٹھے پانی کو ترستے رہے اور گدھا گاڑی والوں سے گندا اور آلودہ پانی خرید کر پینے پر مجبور رہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، چیئرمین واٹر بورڈ شرجیل انعام میمن اور ڈپٹی چیئرمین واٹر بورڈ ساجد جوکھیو سے مطالبہ کیا کہ واٹر بورڈ کے متعصب افسران کے خلاف فوری قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور جلد از جلد جعفر طیار واٹر سپلائی پروجیکٹ کی این او سی جاری کی جائے بصورت دیگر مجلس وحدت مسلمین اہلیان جعفرطیار کے ہمراہ پر زور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button