پاک ایران سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے بابا لاڈلہ ہلاک ہوگیا
شیعہ نیوز (کوئٹہ) لیاری کے مشہور زمانہ گینگسٹر نور محمد عرف بابا لاڈلہ منگل کے روز ایرانی سرحدی محافظوں کے ہاتھوں ہلاک ہوگیا ہے،اطلاعات کے مطابق اسے سرحد کے قریب ایرانی شہر چاہبہار میں سرحد عبور کرتے وقت دو ایرانی ساتھیوں سمیت ہلاک کیا گیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی محافظوں نے بابا لاڈلہ کا محاصرہ کرنے کے بعد انہیں ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کی تاہم انہوں نے اس سے انکار کردیا جس کے باعث محافظوں نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے،ایک آفیشل کے مطابق پاکستانی حکام کو لاڈلہ کی ہلاکت کی خبر موصول ہوگئی ہے،تاہم ایک غیر مصدقہ رپورٹ کے مطابق بابا لاڈلہ کو ان کے حریف امجد کوئی نے ایران کے علاقے کونارک میں ہلاک کیا، دوسری جانب کراچی میں ہمارے اسٹاف رپورٹ کے مطابق مقامی پولیس حکام بابا لاڈلہ کی ہلاکت کے حوالے سے تصدیق نہیں کررہے تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ کسی طرح کے ردعمل سے نمٹنے کے لیے لیاری کی سیکورٹی بڑھادی گئی ہے،ایس پی سٹی شیراز نظیر کا کہنا ہے کہ ہم بلوچستان کے پولیس اور دیگر حکام سے رابطے میں ہیں جبکہ لیاری کے حساس علاقوں کی سیکورٹی بڑھادی گئی ہے،انہوں نے کہا کہ واقعے کے ردعمل میں کسی قسم کے تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔