پاکستانی شیعہ خبریں
کراچی میں شیعہ کلنگ بند نہ ہوئی تو 1 جون کو وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی اور خیرپور کا گھیراؤ کرینگے، ایم ڈبلیو ایم
شیعہ نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری تنظیم سازی یعقوب حسینی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کراچی میں شیعان حیدر کرار (ع) کی نسل کشی روکنے میں ناکام ہوچکے ہیں، یکم جون کو وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی اور خیرپور کا گھیراؤ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کی ڈویژن کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حسن ہاشمی، انجینئر رضا نقوی، میثم عابدی، علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، علی حسین نقوی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ یعقوب حسینی نے کہا کہ کراچی شہر میں شیعہ نسل کشی بدستور جاری ہے اور کراچی آپریشن کے کپتان وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں، گزشتہ آٹھ ماہ میں 150 سے زائد افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاچکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی شہر میں کالعدم جماعتوں کے تکفیری دہشت گرد اور سیاسی طالبان شیعہ نسل کشی میں ملوث ہیں، اگر ایک ہفتے کے اندر کاروائی نہ کی گئی اور قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں نہ لایا گیا تو مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان اور خانوادہ شہداء یکم جون کو وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔ رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو متنبہ کیا کہ شیعہ نسل کشی روکنے میں ناکامی پر وزیراعلیٰ سندھ کو فوری برطرف کیا جائے بصورت دیگر کراچی اور خیرپور میں وزیراعلیٰ ہاؤس، لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کے مرکز سمیت سندھ بھر میں ایم پی اے ہاؤسز کا گھیراؤ کریں گے۔