Uncategorized

آئی ایس او نے ہمیشہ نوجوانوں کو اسلام و پاکستان کے تحفظ کیلئے آمادہ کیا، احسن نقوی

شیعہ نیوز (لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری احسن نقوی نے المصطفٰی ہاؤس لاہور میں میڈیا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او بائیس مئی تا بائیس جون آئی ایس او کی توسیع کی غرض سے ملک گیر علم و عمل کاروان کا آغاز کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم و عمل کاروان میں آئی ایس او کے مرکزی نمائندگان، علماء کرام اور پروفشنل ادارہ جات کے طلبہ شامل ہیں۔ اس کاروان کا مقصد نوجوانوں کو دینی تبلیغ اور آئی ایس او میں شمولیت کی دعوت دینا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ آئی ایس او کا بیالیسواں یوم تاسیس ملک بھر میں منایا گیا، جس کے بعد اس کاروان نے اپنے پہلے فیز میں کوئٹہ سے آغاز کیا اور نصیرآباد سے ہوتا ہوا لاڑکانہ پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ علم و عمل کاروان آئی ایس او کی توسیع اور ارتقاء میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ علم و عمل کاروان کے شرکاء تعلیمی اداروں، مساجد اور دیگر عوامی مقامات پر نوجوانوں کو دین اسلام کے حقیقی پیغام اور آئی ایس او میں شمولیت کی ترغیب دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کاروان کے ذریعہ سے ملک بھر کے گوش و کنار پہ نوجوانوں کا رخ دین اور تعلیمی اداروں کی طرف موڑنا ہے، تاکہ نوجوان حقیقی معنوں میں تعلیمی اداروں اور اپنی نجی زندگی میں اسلام سے متضاد افکار کا عملی مقابلہ کرسکیں اور نوجوانوں کو بے راہ روی سے روک کر تعلیمات قرآن اور سیرت محمد و آل محمد سے روشناس کرا سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئی ایس او نے اپنے بیالیس سالہ سفر میں نوجوانوں کو اسلام اور وطن عزیز پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت آمادہ اور تیار کیا ہے، جب کبھی بھی اطن عزیز پر مشکل وقت آیا ہے امامیہ طلبہ سر بکف میدان میں عملی کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئے ہیں اور انشااللہ امامیہ طلبہ اپنے بیالیس سال مکمل کرنے کے بعد بھی ایک نئے عزم و ولولہ کے ساتھ عملی میدان میں وارد ہوچکے ہیں اور اپنے ہدف جو کہ نوجوان نسل کو اسلامی سانچے میں ڈھلنا ہے، پر کاربند رہیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button