کوئٹہ، لیاقت علی ہزارہ ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صوبائی نائب صدر منتخب
ملی یکجہتی کونسل صوبہ بلوچستان کا اہم اجلاس صوبائی صدر عبدالمتین اخونزادہ کی زیر صدارت ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کونسل کی رکن جماعتوں کے صوبائی قائدین اور اہم رہنماء شریک ہوئے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا، صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی صدر مولانا عبدالقدوس ساسولی اور صوبائی رہنماء جے یو پی حافظ حمد احمد، جماعت الدعوۃ کے صوبائی امیر مفتی محمد قاسم اور نعمان وسیم، جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالمتین اخونزادہ، جنرل سیکرٹری بشیر احمد ماندائی اور مولانا محمد عارف دمڑ، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر مولانا سید حسن مبلغ، جنرل سیکرٹری لیاقت علی ہزارہ، حسین حبیب بنگش اور سید سکندر شاہ، تنظیم اسلامی کے رہنماء عبدالسلام عمر اور اقتدار احمد خان جبکہ علمائے شیعہ کے قربان علی توسلی و دیگر اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں متفقہ رائے سے شیعہ علماء کونسل کے رہنماء لیاقت علی ہزارہ کو ملی یکجہتی کونسل کا صوبائی نائب صدر منتخب کرکے دو کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ جو بلوچستان کے قبائلی رہنماوں، علمائے کرام، مشائخ عظام اور حکومتی ذمہ داران سے ملاقات کرکے اتحاد امت اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے موثر لائحہ عمل تیار کریں گی۔