کراچی، ایم ڈبلیو ایم کے تحت لبیک یاحسین مارچ کا آغاز، شرکاء وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب گامزن
شیعہ نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے زیراہتمام لبیک یاحسین مارچ کا آغاز نمائش چورنگی سے ہوچکا ہے جو کہ وزیراعلٰی ہاؤس کی جانب رواں دواں ہے، جہاں پر شیعہ نسل کشی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف وزیراعلٰی ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ مارچ میں خواتین، بچوں، بزرگوں سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہیں، جن کی قیادت علماء کی کثیر تعداد کر رہی ہے۔ ریلی میں اندرون سندھ سے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی کی قیادت میں علماء کرام اور اہل تشیع کا نمائندہ وفد بھی شریک ہے۔ لبیک یاحسین (ع) مارچ میں مرکزی رہنما ایم ڈبلیو ایم علامہ امین شہیدی، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ اعجاز بہشتی، علامہ صادق تقوی سمیت علماء و ذاکرین امامیہ بھی شریک ہیں۔ اس موقع پر علامہ حسن ظفر نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ احتجاجی مارچ سندھ میں بڑھتی ہوئی شیعہ نسل اور ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے سندھ حکومت کی روایتی بے حسی اور مجرمانہ خاموشی کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا یہ احتجاجی مارچ ہر صورت میں وزیراعلٰی ہاؤس جائے گا، اگر ہمارے احتجاجی مارچ کو روکنے کی کوشش کی کی گئی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوگی۔