Uncategorized

راولپنڈی، حساس ادارے کی گاڑی پر خودکش حملہ، 2 لیفٹیننٹ کرنل سمیت 5 افراد شہید

شیعہ نیوز(راولپنڈی) ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ کے قریب سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ میں پانچ افراد شہید ہوگئے۔ذرائع کے مطابق حساس ادارے کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فتح جنگ کے قریب سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ کیا گیا، حملہ میں 2 افسران اور 3 شہری شہید ہوئے، شہید ہونیوالوں میں لیفٹیننٹ کرنل زاہد شاہ اور لیفٹیننٹ کرنل ارشد شامل ہیں۔ آر پی او اختر عمر حیات لالیکا نے ایک نجی ٹی وی سے بات چیت میں بتایا کہ دھماکہ بظاہر خودکش لگتا ہے۔ پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے، ابتدائی تفتیش جاری ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ میں حساس ادارے کی گاڑی پر خودکش حملے میں دو افسر شہید جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ عسکری ذرائع کے مطابق فتح جنگ روڈ پر ترنول کے قریب حساس ادارے کی گاڑی پر خودکش حملے میں دو افسر شہید جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹامک انرجی کمشن کی گاڑی حملے کے وقت فتح جنگ پھاٹک کراس کر رہی تھی کہ خودکش حملہ آور نے خود کو اُڑا لیا، جس کے نتیجے میں ڈبل کیبن گاڑی کو بھی نقصان پہنچا اور ایک رکشہ زد میں آگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور کافی دیر سے ریلوے پھاٹک کے نزدیک بھکاری کا روپ دھارے ہوئے موجود تھا۔ دہشتگردانہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے۔
پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کر دیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکاروں کی جانب سے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا ہے، جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور افسروں کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا ہے، جبکہ وزیراعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے چوبیس گھنٹوں میں آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button