ہمارا دل الطاف حسین کے ساتھ ڈھرکتا ہے، مولانا عون نقوی
شیعہ نیوز (کراچی) متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام نمائش چورنگی پر دیئے گئے دھرنے کے تیسرے روز معروف اور ممتاز علمائے کرام کے ایک وفد نے شرکت کی اور انہوں نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کرکے الطاف حسین سے دلی یکجہتی کا اظہار کیا۔ علمائے کرام کے وفد میں علامہ محمد عون نقوی، علامہ اکرام حسین ترمذی، علامہ خلیل احمد کمیلی اور حکیم محمد احمد زیدی شامل تھے۔ اس موقع پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عون محمد نقوی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ اور شیخ المشائخ حضرت الطاف حسین پر بعض دشمنان اسلام اور پاکستان کی طرف سے الزامات مختلف نوعیت کے لگائے جارہے ہیں، انہیں ہراساں کیاجارہا ہے اور حراست میں لیا گیا، آج ہم یہاں دھرنے میں ملت جعفریہ کی نمائندگی کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کررہے ہیں کہ ہر اس شخص سے جس کا دل الطاف حسین کے دل کے ساتھ دھڑکتا ہے اپنے دل کی دھڑکنیں ملانے کیلئے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الطاف حسین پر اگر کوئی ظاہری طور پر مشکل وقت ہے تو باطل پرست قوتیں جان لیں کہ الطاف حسین کے ساتھ لاکھوں عوام کی دعائیں شامل ہیں، ہمارا پیغام برطانیہ کی پولیس کو پہنچا دیا جائے کہ الطاف حسین پر جو بھونڈے الزامات لگائے گئے ہیں وہ اس میں ملوث نہیں ہوسکتے، میں سیاسی آدمی نہیں لیکن سیاست سے جدا نہیں ہوں وہ سیاست جو دین سے تعلق نہیں رکھتی سیاست نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی یہ پیغام آیا کہ الطاف حسین کو گرفتار کرلیا گیا تو ذہنوں میں یہ خیال آیا کہ یہ شہر ایسے ہی جلے گا جیسے بینظیر بھٹو کی شہادت پر جلا تھا لیکن ایم کیو ایم کے رہنماﺅں نے اسے روکا جو الطاف حسین کی پرامن پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ الطاف حسین کو اس مشکل وقت سے نکلنے میں مدد فرمائے۔