پاکستانی شیعہ خبریں

زائرین کیساتھ ناروا سلوک کو بند نہ کیا گیا تو ملکی سطح پر احتجاج کیا جائیگا، علامہ مقصود علی ڈومکی

شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایک ماہ کے لئے زائرین کے راستے کی بندش پر ہمیں شدید تشویش ہے۔ حکومت بلوچستان اور وفاقی حکومت زائرین کے مسئلے کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ جسکے باعث زائرین کو متعدد مشکلات کا سامنا ہے۔ زائرین کے قافلے کے بلوچستان میں داخلہ کے موقع پر انہیں کئی روز تک سندھ اور پنجاب کے بارڈر پر روکا جا رہا ہے۔ ان سے این او سی طلب کی جا رہی ہے۔ بلوچستان حکومت نے رسمی طور پر یہ موقف دیا ہے کہ ہم دوسرے صوبوں کے زائرین کی ذمہ داری نہیں لے سکتے۔ جسکی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ فیری سروس اور پی آئی اے فلائٹ کا اجراء بھی مسئلے کو حل کرنے کی بجائے اسے مزید پیچیدہ بنانے کا باعث بنا ہے۔ کوئٹہ اور تفتان بارڈر پر کئی روز تک زائرین کو پریشان کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ ملت کے حقوق کی پاسبانی کی ہے۔ زائرین کے ایشو پر بھی سنجیدہ حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچستان میں بھی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کرے۔ دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں اور ٹریننگ کیمپس کا خاتمہ کرے اور تفتان سے کوئٹہ تک روٹ کو زائرین اور عوام کی رفت و آمد کے لئے کھول دے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ناروا سلوک اور سازشیں بند نہ ہوئیں تو ملک گیر سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button