
کراچی، ایرانی قونصل خانے کے تحت برسی امام خمینیؒ کی مناسبت سے کانفرنس
شیعہ نیوز: اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی (رہ) کی 35ویں برسی، ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور غزہ کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے ایرانی قونصل خانے کے زیر اہتمام حسینیہ ایرانیان کھارادر کراچی میں کانفرنس "فلسطین، امام خمینیؒ کی نظر میں‘‘ کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر سندھ کے وزیر اوقاف و مذہبی امور سید ریاض حسین شاہ شیرازی، رکن سندھ سمبلی و سابق سینیٹر یوسف بلوچ، اسلامک ایجوکیشنل سوسائٹی کے رہنما مولانا عزیر ازھری، مرکزی علماء کونسل سندھ کے صدر مولانا آزاد جمیل، مفسر قرآن شیخ حسن صلاح الدین سمیت کراچی کی متعدد سماجی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے حضرت امام خمینیؒ، ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی شخصیت کے مختلف زاویوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ان کی خدمات کو سراہا۔ تقریب سے کراچی میں ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے بھی خطاب کیا اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس خط کا بطور خاص تذکرہ کیا، جو ایران کے سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے امریکی جامعات کے ان طلباء کے نام تحریر کیا ہے، جو غزہ میں جاری ظلم و بربریت کے خلاف اپنی آوازیں بلند کر رہے ہیں۔
حسن نوریان نے کہا کہ اس خط میں خاص طور پر ان طلباء کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اس وقت بالکل درست سمت پر جا رہے ہیں اور انہیں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ امام خمینیؒ اپنی الٰہی بصیرت کی بنیاد پر جانتے تھے کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل امت مسلمہ کا اتحاد و وحدت ہے، اس لئے وہ بڑی تاکید سے کہا کرتے تھے کہ اگر امت مسلمہ متحد ہو جائے اور مسلمان ایک ایک بالٹی پانی بھی اسرائیل کی طرف بہا دیں تو اسرائیل نابود ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینیؒ نے امت کے مابین وحدت پیدا کرنے کی غرض سے ہی ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کا عنوان دیا اور اس دن کو فلسطین کے مظلوموں کی حمایت کے ساتھ مخصوص کر دیا۔ کانفرنس میں حضرت امام خمینیؒ سے متعلق تیار کردہ ڈاکیومینٹریز بھی چلائی گئیں۔ کانفرنس میں نظامت کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر جواد ہاشمی اور اردو مترجم کے فرائض خاور عباس نے انجام دیئے۔