
پاراچنار کے لیے 61 گاڑیوں پر مشتمل سامان کا قافلہ بخیریت پہنچ گیا
ذرائع کے مطابق قافلے میں آٹا، چینی، پھل، سبزیاں اور ادویات پر مشتمل سامان شامل تھا، قافلے کی حفاظت پولیس اور ضلعی انتظامیہ کر رہی تھی جبکہ سیکیورٹی فورسز بھی معاونت کے لیے موجود تھیں
شیعہ نیوز: پاراچنار کے لیے جانے والا 61 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ بگن کو پار کرتے ہوئے بخیریت پاراچنار پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق 61 گاڑیوں پر مشتمل سامانِ رسد کا قافلہ کل دوپہر ایک بجے روانہ ہوا جو 16 جنوری کو ہوئے حملے کے مقام بگن کو کراس کر کے اپرکرم کے اندر داخل ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق قافلے میں آٹا، چینی، پھل، سبزیاں اور ادویات پر مشتمل سامان شامل تھا، قافلے کی حفاظت پولیس اور ضلعی انتظامیہ کر رہی تھی جبکہ سیکیورٹی فورسز بھی معاونت کے لیے موجود تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام ممبران قومی اسمبلی کے ہمراہ ملکی سیاسی و امن و امان کی صورتحال پر ایک اہم نشست
ڈی پی او ہنگو محمد خالد کے مطابق ٹوٹل 61 گاڑیوں کا قافلہ کرم کے اندر داخل ہو گیا ہے، آر پی او کوہاٹ عباس مجید اور کمشنر کوہاٹ خود قافلے کی نگرانی کررہے تھے، قافلے میں مال بردار گاڑیوں سمیت ادویات اور اشیائے ضرورت کی گاڑی بھی شامل تھیں۔ اس قافلے کیلئے سکیورٹی فورسز کی جناب سے ؑیر معمولی اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ کرم کے علاقے بگن میں 19سے 21 جنوری تک ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سکیورٹی اداروں نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں جن کے دوران بڑی تعداد میں غیرقانونی ہتھیار برآمد ہوئے۔ پاکستان کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کے عمائدین اور لوگوں نے آپریشن کے دوران بھرپور تعاون کیا اور معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ یہ کامیابی علاقے میں دیرپا امن کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فریقین کے دستخط شدہ معاہدے کے مطابق شرپسندوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی۔