اسرائیلی جرائم سے نمٹنے کے لئے منصفانہ عدالتی میکانزم کی ضرورت ہے، ایران
شیعہ نیوز: ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے اسرائیلی حکام کے جرائم کی روک تھام کے لئے مؤثر اور منصفانہ بین الاقوامی میکانزم کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا ۔
رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے حالیہ فیصلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسرائیلی حکام کے مواخذے کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور قانونی چیلنجوں پر تشویش ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں صہیونی حکومت کے جرائم پیشہ حکام کے مواخذے کے لئے ایک منصفانہ ٹریبونل کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شام کی سالمیت اور خودمختاری کو یقینی بنایا جائے، ایران اور عرب امارات کے وزرائے خارجہ کی تاکید
غریب آبادی نے بین الاقوامی عدالت انصاف کی جانب سے اسرائیلی حکام کے وارنٹ گرفتاری کو ایک تاخیری اقدام قراد دیتے ہوئے اس پر فوری عملدرآمد کے لئے قانونی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت انصاف کے نفاذ کا طریقہ کار غیر مؤثر ہے، جس میں صیہونی مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی کوئی گارنٹی موجود نہیں ہے، خاص طور پر اگر وہ عدالت انصاف کے رکن ممالک کے سفر سے گریز کریں۔
انہوں نے صیہونی حکام کی گرفتاری کے حکم کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مؤثر مواخذے کا مطالبہ کیا اور اس سلسلے میں شفاف بین الاقوامی میکانزم کی کمی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔