جعفریہ الائنس پاکستان کے تحت کراچی کے نشتر پارک میں جعفریہ والنٹیئرز کے اجلاس کا انعقاد
شیعہ نیوز: مرکزی اربعین کمیٹی جعفریہ الائنس پاکستان کے تحت کراچی کے نشتر پارک میں جعفریہ والنٹیئرز کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
اجلاس میں علامہ حسین مسعودی، علامہ عقیل موسیٰ، سید شبر رضا، اکبر علی، ثروت رضوی، شمس الحسن شمسی، میثم عابدی، غیور عابدی اور سلمان الحسینی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاک محرم ایسوسی ایشن، اسکاؤٹس رابطہ کونسل، آئی ایس او، مرکزی تنظیم عزا ایڈہاک کمیٹی، ہیئت آئمہ مساجد اور جعفریہ آرگنائزیشن سمیت دیگر جماعتوں کے نمائندگان بھی شریک تھے۔
جعفریہ والنٹیئرز کے اجلاس کے موقع پر جعفریہ الائنس کے کراچی میں تمام اضلاع کے کوآرڈینیٹرز بھی موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اربعین امام حسین (ع) مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ برپا کیا جائے گا، امسال کا اربعین حسینی ایسے عالم میں ہو رہا ہے کہ علاقائی اور عالمی حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔
اربعین حسینی کا اجتماع پہلے بھی اثر انداز ہوتا رہا ہے اور اب بھی اس کے گہرے اثرات مرتب ہونگے لہذا ہمیں بھی اپنے اجتماعات کو مزید منظم کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس کیلئے ہمارے رضاکار سب سے اہم خدمت انجام دے سکتے ہیں، ہمیں عزاداری اور عزا کی خدمت کا عزم و عہد کرنا ہے۔