
یوم القدس کے موقع پر خوشاب میں ریلی نکالی گئی
شیعہ نیوز: عالمی یوم القدس کے موقع پر خوشاب میں مرکزی جامع مسجد حسینیہ جوھرآباد سے عظیم الشان ریلی زیر قیادت علامہ سید محمد تقی نقوی، ممبر ڈسڑکٹ امن کمیٹی حاجی دلدار حسین بلوچ نکالی گئی۔ ریلی جہاز چوک پر پہنچ کر احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کرگئی۔ ریلی میں بچوں اور خواتین سمیت ہرمکتبہ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء مظلوم فلسطینوں کی حمایت اور غاصب اسرائیل اور امریکہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے رہے۔ ضلع خوشاب میں فلسطینوں کی حمایت میں سب سے بڑی اور منظم ریلی میں خطاب کرتے ہوئے علامہ تقی نقوی نے کہا کہ ہم شیعان حیدر کرارؑ جوھرآباد مظلوم فلسطینوں کی مکمل حمایت کا اعلان اور غاصب اسرائیل سے نفرت کا اظہار کرتے ہیں۔
حاجی دلدار حسین ممبر ڈسڑکٹ امن کمیٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پاکستان عوام کو فلسطین جانے کی اجازت دے اور حکومتی سطح پر اسرائیلی مصنوعات کا بئیکاٹ کیا جائے، سوشل ورکر حسن عمران ملک نے اقوام متحدہ، عالم اسلام اور انسانی حقوق کی تنظمیوں سے مطالبہ کیا کہ غزہ کا محاصرہ ختم کروایا جائے اور انسانی حقوق کی پامالی پر اسرائیل کا عالمی دنیا بائیکاٹ کرے۔ اس عظیم الشان ریلی میں مولانا حیدر علی نقوی، مولانا ظفر سندرالوی، مولانا ضمیر وٹو، سید مزمل رضا زیدی ایڈووکیٹِ راجہ غلام شبیر جنجوعہ، مرزا قلب عباس شگری، ملک مختار فیروز اعوان، ظفر عباس شیرازی، پروفیسر راجہ غلام اصغر اور معروف بینکار سید عمران ہمدانی سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے اختتام پر امریکی اور اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کیے گئے.