مضبوظ، مستحکم اور پُرامن پاکستان ہماری منزل ہے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز: سنی اتحاد کونسل پاکستان اور متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مضبوظ، مستحکم اور پُرامن پاکستان ہماری منزل ہے۔مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور رواداری کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علماء ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کیلئے متحد ہو جائیں۔ منبر و محراب سے اتحاد و یگانگت کا پیغام عام کیا جانا چاہیے۔ مذہبی رواداری کا فروغ پاکستان کے مستقبل کا ضامن ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور، راولپنڈی اور سرگودھا ڈویژن کی امن اور کور کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا پنجاب حکومت عشرہ رحمۃ للعالمین کو مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہی ہے۔ ربیع الاول ماہ امن و محبت ہے۔ مذہبی منافرت کے خاتمے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نسل نو کو سیرتِ طیبہ کے آفاقی پیغام سے بہرہ مند کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ایمان اور قرآن کی طاقت سے اسلام اور پاکستان مخالف قوتوں کو شکست دیں گے۔ ہمارا جینا مرنا اسلام اور پاکستان کیلئے ہے۔ نظام مصطفے تمام مسائلِ کا حل ہے۔ پاکستان اس وقت اندرونی و بیرونی سازشوں کی زد میں ہے۔پاکستان کا مستقبل وائٹ ہاؤس نہیں گنبد خضریٰ ہے۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے ذمہ دارن اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔