شفاف الیکشن عوام کا حق ہے جس سے انہیں محروم کیا جا رہا ہے، علامہ باقر زیدی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ ریاستی اقدامات سے عوام میں مزید غم و غصہ پیدا ہو رہا ہے، ملک میں نا آئین نا قانون مقدس جنگل کا ماحول بنا ہوا ہے، شفاف الیکشن عوام کا حق ہے جس سے انہیں محروم کیا جا رہا ہے، صوبوں کے درمیان نفرت ایجاد کی جا رہی ہے جو ملک و قوم کے استحکام کیلئے بڑہ خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی معاشی صورت حال سمیت پارہ چنار، گلگت بلتستان، بلوچستان کے حالات مکمل خراب ہیں عوام سراپا احتجاج ہیں، بنیادی حقوق تو دور کی بات ہے ان کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھینا جا رہا ہے، دشمن تو یہی چاہتا ہے کہ پاکستان کی عوام ریاست سے ناراض ہو، ریاستی اقدامات سے عوام میں مزید غم و غصہ پیدا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارہ چنار کا علاقہ کئی دہائیوں سے مسلسل ناامنی کا شکار ہے، کچھ ماہ قبل تری مینگل میں استادوں کو قتل کیا گیا، جب بھی قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جاتا ہے، دہشت گردی کا نیا واقعہ رونما ہو جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایم ڈبلیو ایم قم کی جانب سے شہید مطہری کانفرنس ہال (حجتیہ) میں تکریم شہداء کانفرنس کا انعقاد
ان کا مزید کہنا تھا کہ دن دیہاڑے سیکورٹی کے حصار میں جانے والے قافلے بھی حملوں سے محفوظ نہیں، پشاور پارہ چنار روڈ بدامنی کا شکار ہے، سیکورٹی اہکاروں کی موجودگی مسافر گاڑیوں پر پتھراؤ اور فائرنگ ہو رہی ہے، جس میں کئی معصوم لوگ مارے جا رہے ہیں، افسوس ناک بات یہ ہے کہ ان جان لیوا واقعات میں ملوث آج تک کسی ایک دہشت گرد کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا۔
پارہ چنار کے معاملات میں جرگوں میں دہشت گردوں کو نا بیٹھایا جائے، ایسا لگتا ہے جیسے ہم پر فرعون و ہامان مسلط ہو چکے ہیں، ملک میں الیکشن نہیں ہو رہے تماشا ہو رہا ہے، کیا ایک بندے کو مسلط کرنے کے لئے اتنی آئین شکنی اتنی قانون شکنی ضروری ہے، کیا پاکستان بانجھ ہے اس میں کوئی اور حکمرانی کے قابل نہیں رہا، عوام خود مظلوم ہیں، عوام خود اپنا نمائندہ منتخب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ملک میں شفاف انتخابات ہی امن و استحکام کا حل ہیں۔
علامہ باقر زیدی نے گزشتہ روز ایران کے شہر کرمان میں میں ہونے والی دہشت گردی کی بھی مذمت کی۔