ہم نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس بھیج کر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، عمران خان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیراعظم عمران خان نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے کامیاب ردعمل کے 2 سال مکمل ہونے پر قوم اور پاک فوج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس بھیج کر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بالاکوٹ واقعے کے 2 سال مکمل ہونے پر پاک فوج کی بہادری کو سلام پیش کیا اور وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے کامیاب ردعمل پر قو م کو مبارکباد دی۔
یہ خبر بھی پڑھیں پاک فوج کا کامیاب آپریشن، طالبان کمانڈر حسن سجنا ہلاک
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ذمہ دار قوم ہونے کے ناطے ہم نے پورے عزم کے ساتھ بروقت جواب دیا اور پاکستان نے پوری دنیا کو اپنے ذمہ دارانہ رویے کا ثبوت دیا۔
عمران خان نےکہا کہ ہم نے بھارتی پائلٹ کو واپس بھیج کر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ امن کے لیے کھڑے ہیں اور ہم مذاکرات کے ذریعے تمام تنازعات کو حل کرنے کے لیے آگے بڑھنے کو تیار ہیں۔ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی کا خیر مقدم کرتاہوں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ضروری اقدامات کرے جبکہ مزید پیشرفت کے لیے قابل ماحول بنانے کی ذمہ داری بھارت پر ہے۔