
آیت اللہ خامنہ ای اور آیت اللہ سیستانی کے فتاویٰ کمطابق مقدسات کی توہین حرام ہے، علامہ رمضان توقیر
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای اور آیت اللہ سیستانی کے فتاویٰ کیمطابق کسی بھی مسلک کے مقدسات کی توہین حرام ہے، تشیع مسلک واضح اور روشن ہے، کسی فرد کے ذاتی فعل کو کسی مسلک کے ساتھ نہ جوڑا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں آئی جی پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری کیساتھ مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کی ملاقات کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض دوست بار بار مقدسات کی توہین کا ذکر کر رہے ہیں، شاید آپ کو یاد ہو گا کہ اسلام آباد میں ایک گستاخ نے گستاخی کی تھی، سب سے پہلے اہل تشیع کے جید علماء کرام نے کانفرنس بلائی۔ اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مقدسات کی توہین کرنے والے کسی مسلک کے نہیں بلکہ استعمار کے آلہ کار ہو سکتے ہیں، دنیا میں تشیع مسلک کے دو مراکز ہیں نجف و ایران، نجف سے آیت اللہ سید علی سیستانی اور ایران سے آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کھلے عام فتویٰ جاری کیا کہ کسی بھی مسلک کے مقدسات کی توہین کرنا حرام ہے۔ تشیع مسلک واضح اور روشن ہے، کسی فرد کے ذاتی فعل کو کسی مسلک کے ساتھ نہ جوڑا جائے، توہین کرنا جرم ہے، مجرم کو قانون کے مطابق سزا دینا حکومت کا کام ہے۔