
حق اور سچ کی فتح،عدالت نے فیصل رضا عابدی کوباعزت بری کر دیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاقی دارالحکومت میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی انسداد الیکٹرانک کرائم عدالت نے سابق شیعہ سینیٹر فیصل رضا عابدی کو عدلیہ کیخلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے کیس میں باعزت بری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف محفوظ شدہ فیصلہ انسداد الیکٹرنک کرائم کورٹ کے جج طاہر محمود نے سنایا۔ فیصل رضا کے خلاف 4 مقدمات درج کئے گئے تھے، تاہم انسداد الیکٹرانک کرائم عدالت نے الزامات ثابت نہ ہونے پر انہیں باعزت بری کردیا۔ سابق سینیٹر پر سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ اداکرنے کا الزام تھا، جس کے بعد 21 ستمبر کو ان کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں سپریم کورٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی نے ایک ٹی وی پروگرام میں چیف جسٹس کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے ہیں۔
عدالت میں دوران سماعت اپنے بیان میں فیصل رضا کا کہنا تھا کہ میں عدلیہ کی آزادی کے لئے پیش پیش تھا، 12 مئی 2007ء کے سانحے میں میرے 17 ساتھی شہید ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئینِ پاکستان کے تحت تمام عدالتوں کے حکم ناموں کا احترام کرتے ہیں۔ فیصل رضا نے عدالت کو بتایا تھا کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے مجھے اختیار دیا ہے کہ کوئی بھی کورٹ آئین کی خلاف ورزی کرے تو میں تنقید کروں، 2 سابق چیف جسٹس کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنسز بھی دائر کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ساری زندگی آئینِ پاکستان کا دفاع کروں گا، کبھی کسی ادارے کو دھمکی نہیں دی۔ توہین کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
فیصل رضا عابدی 2009ء سے 2013ء تک پیپلز پارٹی کے سینیٹر رہے۔ اس دوران وہ کئی قائمہ کمیٹیوں کے رکن اور پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر بھی رہے۔