افغانستان: مسجد پر دھماکوں میں 30 نمازی جاں بحق اور 55 زخمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں نمازجمعہ کے دوران ایک مسجد میں دہشت گردانہ بم دھماکوں میں تیس سے زائد نمازی جاں بحق اور دسیوں دیگر زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران اچانک زوردار دھماکے ہوئے جس سے مسجد کے شیشے ٹوٹ گئے اور عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے علاقے جو درّہ میں نماز جمعہ کے دوران ایک مسجد میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں میں تیس سے زائد افراد جاں بحق اور پچپن دیگر زخمی ہوگئے ۔
امدادی ٹیموں نے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال میں منتقل کردیا ہے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔
صوبہ ننگرہار کے گورنریٹ کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے کہا ہے کہ یہ دھماکے اس وقت ہوئے جب لوگ نماز جمعہ ادا کررہے تھے۔
ننگرہار پولیس چیف کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں تاہم حملے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جاسکا ہے۔
طالبان سمیت کسی بھی شدت پسند تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔