جنگ کے بعد غزہ کی سکیورٹی کی ذمے داری سنبھالیں گے، نتین یاہو
شیعہ نیوز: بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے وزیراعظم "نتین یاہو” نے آج صبح دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ یرغمالیوں کی بازیابی تک غزہ میں کسی قسم کی جنگ بندی نہیں ہوسکتی۔ تل ابیب نے غزہ میں قلیل عرصہ کی جنگ بندی کا دعویٰ کیا، جس پر نتین یاہو نے مزید کہا کہ جنگ کے بعد ہم غزہ میں سکیورٹی کی ذمے داری سنبھال لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انسانی امداد کے داخلے اور حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کی منتقلی کے لئے غزہ میں عارضی جنگ بندی کی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
قبل ازیں وائٹ ہاوس نے خبر دی تھی کہ گذشتہ روز امریکی صدر "جو بائیڈن” اور صیہونی وزیراعظم "نتین یاہو” کے درمیان غزہ میں عارضی جنگ کے لئے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ دوسری جانب غزہ کی پٹی میں فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ صیہونی جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 10,000 جبکہ بائیس ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ وائٹ ہاوس میں امریکی سلامتی کے اسٹریٹجک کوآرڈینیٹر "جان کروبی” نے کہا کہ جنگی حکمت عملی کے تحت غزہ میں جنگ بندی پر غور ہونا چاہیئے اور ہم اس کام کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔