اہلسنت محب اہلبیت اور ایمان ابوطالب پر یقین رکھتے ہیں،
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے واضح کیا ہے کہ نگہبان رسالت اور نبی آخرالزمان کے نکاح خوان حضرت ابوطالب علیہ السلام کے ایمان پر شک کرنے اور انہیں جہنمی کہنے والے خود جہنم کا ایندھن بنیں گے، ایسے شرپسند عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے اہلسنت ہونے پر بھی شک ہے، اہلسنت محب اہلبیت اور ایمان ابوطالب پر یقین رکھتے ہیں، ایمان ابوطالب پر منفی نظریہ ناصبیوں کا ہو سکتا ہے، اہل سنت کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تفرقہ پھیلانے اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیخلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی کی جائے، شعب ابی طالب میں تین سال تک حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حفاظت حضرت ابوطالب علیہ السلام نے کی اور اسلام کو مضبوط بنایا، اپنے بیٹوں کو نبی کی حفاظت پر مامور فرمایا، مکہ سے مدینہ ہجرت کے موقع پر جب کفار مکہ آپ کو شہید کرنا چاہتے تھے، آپ نے حضرت علی علیہ السلام کو ان کے بستر پر سونے کا حکم دیا۔
پیر معصوم نقوی نے کہا کہ حیرت ہے کہ اصحاب کہف کا کتا تو جنتی ہے مگر ناصبی مولوی نگہبان رسالت کو جنتی کہنے کو تیار نہیں، جس نے نبوت اور تاجدار نبوت کی حفاظت کی، اُن کا نکاح حضرت خدیجہ الکبری ٰسے پڑھایا اور اپنی پوری زندگی یتیم بھتیجے کی پرورش کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جس میں پیر مصطفی اشرف رضوی، ڈاکٹر امجد حسین چشتی، پیر اختر رسول قادری، عقیل حیدر شاہ، ملک شہباز، پرویز اکبر ساقی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ روز محشر حضرت ابوطالب علیہ السلام بلند ترین مقام پر ہوں گے اور انہیں کافر کہنے والے مولوی جہنم کا ایندھن بن رہے ہوں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 8 مارچ بروز اتوار جامعہ حزب الاحناف میں جے یو پی کے زیراہتمام شان ابو طالب علیہ السلام کانفرنس منعقد کی جائے گی جس سے علما اہل سنت اور مشائخ عظام خطاب کریں گے۔