اہلسنت بھائیوں کا عزاداروں کیلیے لنگر اور سبیلیں لگانے کا اعلان کردیا
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ )لاہور میں رواداری کی عظیم مثال، اہلسنت نے عشرہ محرم الحرام کے دوران اہل تشیع بھائیوں کیلئے لنگر اور سبیلیں لگانے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شادمان میں منعقدہ امن کمیٹی لاہور کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مختلف امام بارگاہوں اور یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے راستوں میں سبیلیں لگائی جائیں گی۔امن کمیٹی لاہور کے اجلاس میں مولانا محمد عاصم مخدوم، چودھری محمد ارشد گجر، قاری خالد محمود، علامہ اصغر عارف چشتی، آصف خان، کامران بٹ سمیت دیگر رہنماوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری محمد ارشد گجر کا کہنا تھا کہ ملک میں شیعہ سنی کی کوئی لڑائی نہیں، ہم سب متحد ہیں، اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، امن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
مولانا عاصم مخدوم نے کہا کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ صبر اور قربانی کا درس دیتا ہے، نواسہ رسولﷺ نے اسلام کی سربلندی کیلئے اپنی جان کا نذرانہ دیا۔
قاری خالد محمود نے کہا کہ ہمارا مشن امن کا فروغ ہے۔ علامہ اصغر عارف چشتی کا کہنا تھا قیام امن کیلئے حکومت کیساتھ مکمل تعاون کریں گے