مشرق وسطی

غزہ پر فضائی جارحیت اور فلسطینیوں کے جوابی حملے

شیعہ نیوز:صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ میں استقامتی محاذ کے ایک مرکز پر بمباری کی ہے ۔ فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ صیہونی حکومت کے فضائی حملے میں شہدائے النصیرات نامی مرکز پر فضا سے زمین پر مار کرنے والے آٹھ میزائل گرائے گئے۔ اس رپورٹ کے مطابق فلسطین کے استقامتی محاذ نے صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کو مزید حملے سے روکتے ہوئے انہیں راہ فرار اختیار کرنے پر مجبور کردیا۔

اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے غزہ پر صیہونی حکومت کے سنیچر کے فضائی حملے کے بارے میں کہا ہے کہ یہ حملہ امریکی صدر جو بائیڈن کے مقبوضہ فلسطین کے دورے کے فورا بعد انجام پایا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ فضائی جارحیت واشنگٹن کی بھر پور حمایت سے انجام دی گئی ۔

دوسری جانب خبررساں ذرائع نے غزہ سے غیر قانونی صیہونی کالونیوں پر چند راکٹ فائر کئے جانے کی خبر دی ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے فلسطینیوں کے راکٹ حملوں کی تصدیق کی ہے ۔ بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے راکٹ حملوں کے بعد صیہونی کالونیوں میں سائرن بج اٹھے جس سے صیہونی آبادکاروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بعض عرب ذرا‏ئع کی رپورٹ کے مطابق غزہ سے فائر کئے جانے والے چند راکٹ مقبوضہ جنوبی فلسطین کی اشدود اور عسقلان صیہونی کالونیوں پر گرے ہیں ۔

صیہونی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق فلسطینیوں کے راکٹ حملوں کے بعد آئرن ڈوم اینٹی میزائل سسٹم فعال ہوگیا اور غزہ کے نزدیک کئی صیہونی کالونیوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے راکٹ حملوں کے بعد صیہونی آبادکاروں کو سراسیمگی کے عالم میں پناہ گاہوں کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا گیا جس کے دوران ، چند افراد زخمی ہوگئے اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

صیہونی حکومت کی فوج نے اس تعلق سے ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ غزہ سے کم سے کم دو راکٹ فائر کئے گئے۔ صیہونی فوج نے دعوی کیا ہے کہ دونوں ہی راکٹوں کو آئرن ڈوم اینٹی میزائل سسٹم نے فضا میں ہی تباہ کردیا۔غزہ سے غیر قانونی صیہونی کالونیوں پر راکٹ ایسی حالت میں فائر کئے گئے ہیں کہ صیہونی فوجیوں نے جمعے کی رات غرب اردن کے کئی علاقوں پر حملہ کردیا جس میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔

اس رپورٹ کے مطابق غرب اردن کے کفرقدوم علاقے پر صیہونی فوجیوں کے حملے میں کم سے کم پانچ فلسطینی گولیوں سے زخمی ہوگئے ۔ اس حملے کے دوران درجنوں فلسطینی صیہونی فوجیوں کی شیلنگ میں بھی زخمی ہوئے ہیں۔ نابلس کے علاقے جبل صبیح اور بیت دجن میں بھی فلسطینی مظاہرین پر صیہونی فوجیوں کے حملے میں کم سے کم بائیس فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button