آج وائٹ ہاؤس قدس کے خیانت کاروں کا میزبان
شیعہ نیوز : وائٹ ہاؤس آج سرکاری طور پر قدس کے خیانت کاروں کی میزبانی کرے گا۔
امریکی صدر ٹرمپ کی کوششوں سے امارات اور بحرین نے باضابطہ طور پر اسرائیل سے سفارتی تعلقات برقرار کئے اور اس کا اعلان عرب اسرائیل دوستی منصوبے کے سرغنہ اور ترجمان امریکی صدر ٹرمپ نے کیا۔ اسی سلسلے میں آج وائٹ ہاؤس میں خیانت کاروں کی ایک تقریب بھی منعقد ہونے جا رہی ہے جس میں قبلۂ اول سے غداری کرنے والوں کا خیر مقدم کیا جائے گا اور شرمناک اور سازشی معاہدے پر دستخط بھی ہوں گے۔
دوسری جانب فارس خبر رساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ یورپ کے اہم ممالک کی حیثیت سے فرانس اور برطانیہ نے ہر چند کہ اسرائیل اور صیہونی حکومت کے مابین سازشی معاہدے کا خیر مقدم کیا تھا لیکن اس کے باوجود انہیں اس تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
ہنگری کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیر کے روز کہا تھا کہ صرف اس ملک کے وزیر خارجہ پیٹر سیارتو منگل کے روز واشنگٹن میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران، ترکی اور فلسطینی انتظامیہ سمیت کئی ممالک اور استقامتی محاذ نے بحرین، امارات اور اسرائیل کے درمیان سازشی معاہدے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے جمعہ کے روز اسرائیل اور بحرین کے مابین روابط کی برقراری کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ اس سے صرف ایک ماہ قبل اسرائیل اور عرب امارات کے مابین اسی طرح کا معاہدہ طے پایا تھا جس پر مبصرین اور تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی سبز جھنڈی اور رضا مندی کے بغیر اس قسم کے معاہدے ممکن نہ تھے۔