مشرق وسطی

الحشدالشعبی عراق کی محافظ و مددگار ہے : فالح الفیاض

شیعہ نیوز: عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے سربراہ فالح الفیاض نے کربلا میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اربعین حسینی کی زیارت عراقی عوام اور الحشدالشعبی کے درمیان اتحاد و یکجہتی کا باعث ہے اور عوامی رضاکار فورس کے جوان تمام مسائل و مشکلات میں عوام کے حامی و مددگار ہیں ۔

عراق کی عوامی رضاکار فورس کے سربراہ فالح الفیاض نے واضح لفظوں میں کہا کہ الحشدالشعبی کے جوان ملت عراق کی خادم اور اس ملک کی سرزمین کے محافظ و پشت پناہ ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ الحشدالشعبی کے جوانوں نے کورونا کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات و چیلنجوں کے باوجود اربعین حسینی کے پروگراموں میں مکمل امن و سیکورٹی فراہم کر رکھی ہے ۔

اس سے قبل العباس عسکری بریگیڈ کے کمانڈر نے اعلان کیا تھا کہ الحشدالشعبی کے تیس ہزار جوانوں نے اربعین حسینی کے موقع پر کربلائے معلی کی جانب جانے والے راستوں پر امن و امان قائم رکھنے کی ذمہ داری اور سیکورٹی کے تمام انتظامات سنبھال رکھے ہیں۔

اربعین حسینی کا ملین مارچ اس سال کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس کے مزید پھیلنے کے سلسلے میں عراقی حکام کی تشویش کے سبب ملکی سطح پر منعقد ہوا ہے اور اس سال غیرملکی زائرین کو اس میں شرکت کی اجازت نہیں ہے۔دوسری جانب عراق کے سیکورٹی اہلکاروں نے صوبہ الانبار میں داعش کے چھے دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے ۔عراق کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبہ نینوا میں داعش کے چھے دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

موازین نیوز کے مطابق عراق کی مسلح افواج نے الحشد العشائری کی مدد سے وادی حوران ، الہیتاویین اور الثرثار ندی کے جنوبی علاقوں کو داعش دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔عراقی فورسز نے اسی طرح صوبہ الانبار میں داعش کے چھے خفیہ ٹھکانوں ، دو سرنگوں اور ہتھیاروں کے دو گوداموں کا پتہ لگا کر تباہ کر دیا ہے۔

اس درمیان عراقی فوج کے انٹیلیجنس ادارے نے اس ملک کے شمالی علاقے سے داعش کے دو سرغنوں کی گرفتاری کی خبر دی ہے ۔عراقی فوج کے انٹیلیجنس ادارے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے جوانوں نے ایک پیشگی کارروائی میں صوبہ صلاح الدین کے الشرقاط شہر سے داعش کی گاڑیوں میں بم نصب کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کیا ہے۔عراقی فوج کی انٹیلیجنس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مغربی نینوا کی آپریشنل فورس کے جوانوں نے عراقی فوج کے شعبہ انٹیلیجنس کی ہم آہنگی سے الرقاوی کے نام سے معروف داعش کے ایک اور سرغنہ کو گرفتار کیا ہے ۔اس بیان میں آیا ہے کہ الرقاوی داعش کا ایک اہم سرغنہ تھا کہ جو عراقی فورسز کے خلاف کئی دہشتگردانہ کارروائی انجام دے چکا تھا۔

عراق میں داعش دہشتگرد گروہ کی شکست کے باوجود اب بھی اس کے کچھ عناصر ملک کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں اور دہشتگردانہ کارروائیاں انجام دیتے رہتے ہیں ۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button