آل خلیفہ حکومت دہشت گردانہ ماہیت کو پروان چڑھا رہی ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) بحرین کی علماء کونسل نے آل خلیفہ حکومت کی جانب سے دو بحرینی نوجوانوں کو شہید کئے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس حکومت کو خونریز، فرعونی اور طاغوتی حکومت قرار دیا ہے۔
بحرین کی علما کونسل نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت بحرین کے انقلابی نوجوانوں کا قتل کر کے دہشت گردانہ ماہیت کو پروان چڑھا رہی ہے۔
اس کونسل نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے تمام اقدامات اور اس کی جانب سے نمائشی عدالتی کارروائیاں سب کی سب بحرینی عوام کے نقطہ نظر سے غلط اور ناقابل قبول ہیں۔
بحرینی حکومت نے بے بنیاد الزامات عائد کر کے بحرین کے دو نوجوانوں چوبیس سالہ احمد عیسی الملالی اور پچّیس سالہ علی محمد العرب کو ہفتے کے روز پھانسی دے کر شہید کر دیا تھا۔
بحرین کے عوام ان بحرینی نوجوانوں کو دی جانے والی پھانسی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
بحرین سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے عوام نے پیر کی رات منامہ کے البلاد القدیم علاقے میں احتجاجی مظاہرہ کیا جسے سرکوب کرنے کیلئے آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورس نے نہتے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل داغے اورلاٹھی چارج کیا جس سے کئی مظاہرین کی حالت خراب ہو گئی۔