الشباب کا موغادیشو میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پر حملہ
شیعہ نیوز:”الشباب” دہشت گرد گروہ کے عناصر نے موغادیشو ہوائی اڈے کے قریب ایک عمارت میں داخل ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ کی۔
صومالی ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ الشباب کے عناصر نے حلان کمپلیکس پر حملہ کیا تھا، جہاں اقوام متحدہ اور امریکی اور برطانوی سفارت خانے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد موغادیشو ایئرپورٹ پر تمام ملکی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
العربیہ نے اسی وقت رپورٹ کیا کہ الشباب نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس کے عناصر ایک رہائشی کمپلیکس میں داخل ہوئے جہاں مغربی وفود تعینات تھے۔ گروپ کا کہنا ہے کہ اس نے متعدد صومالی فوجیوں کو ہلاک کیا ہے۔
صومالی پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی مسلح افراد کے ایک گروپ سے جھڑپ ہوئی ہے جو موغادیشو ہوائی اڈے کے قریب صومالی فوج کے ایک اڈے پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غیر ملکی مسافروں کی ایک بڑی تعداد، جن میں سے اکثر افریقی شہری تھے، ہوائی اڈے کے گرد گولیوں کی لپیٹ میں آ گئے۔
الشباب دہشت گرد گروہ، جس نے 2004 کے اوائل میں اپنے وجود کا اعلان کیا تھا، القاعدہ سے منسلک ایک عسکریت پسند گروپ ہے جس نے متعدد دہشت گرد کارروائیاں کی ہیں اور سینکڑوں افراد کو ہلاک کیا ہے۔