عالمی برادری غرب اردن میں صیہونی بستیوں کی تعمیر رکوائے، نبیل ابو ردینہ
شیعہ نیوز: فلسطینی اتھارٹی نے غرب اردن میں دو ہزار سے زائد نئے مکانات کی تعمیر کے اسرائیلی اعلان کی مذمت کرتے ہوئے، عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔
فلسطینی اتھارٹی کے ترجمان نبیل ابو ردینہ نے اپنے ایک بیان میں یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ غرب اردن میں صیہونی بستیوں کی تعمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد تئیس تینتس کے ساتھ متصادم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ قرارداد میں فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کو غیرقانونی قرار دیا گیا ہے۔
غاصب صیہونی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے کے اطراف میں دو ہزار ایک سو چھیاسٹھ نئے مکانات کی تعمیر کی حتمی منظوری دے دی۔
نبیل ابوردینہ نے کہا کہ اسرائیل مسلسل فلسطینی اراضی کو ہڑپ کرکے صیہونی بستیاں تعمیر کر رہا ہے۔
انہوں نے اس معاملے میں بین الاقوامی اداروں کی خاموشی نیز اسرائیل کے ساتھ عرب ملکوں کے تعلقات کی بحالی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
مذکورہ پیش رفت ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب حال ہی میں متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے صیہونی حکومت کے ساتھ نام نہاد امن معاہدوں پر دستخط کیے۔