عالمی غنڈہ گردی کے مقابلے میں عقل و منطق کو فتح ملی، ایرانی صدر
شیعہ نیوز: ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلحہ جاتی پابندیوں کے خاتمے کو عالمی غنڈہ گردی کے مقابلے میں عقل و منطق کی فتح قرار دیا۔
بدھ کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ امریکہ نے برسوں تک ملت ایران کو اس کے حق سے محروم کرنے کی کوشش کی لیکن اسے ناکامی کا منھ دیکھنا پڑا۔
ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ یہ اہم نہیں کہ ایران کتنا اسلحہ خریدتا یا بیچتا ہے بلکہ اہم یہ ہے کہ ایران نے اپنا حق حاصل کر لیا ہے۔
صدر ایران نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے جامع ایٹمی معاہدے کے رکن ملکوں کو اس معاہدے سے نکلنے پر مجبور کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع کے معاملے پر بھی امریکہ عالمی برادری میں تنہا ہو گیا کیونکہ سلامتی کونسل نے واشنگٹن کے مطالبے پر کوئی توجہ نہیں دی۔
صدر روحانی کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے اخراج کے بعد ایران نے قدم بہ قدم پیچھے ہٹنے کا عمل شروع کیا جو پورے حساب و کتاب کے ساتھ انجام پایا اور اس کے درخشاں نتائج ہمارے سامنے ہیں۔