
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر قرنطینہ میں چلے گئے
شیعہ نیوز: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم نے کورونا وائرس سے متاثرہ شخص سے ملاقات کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا۔
ٹیڈروس ادھانوم نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا کہ اُن سے ملنے والے ایک شخص کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے وہ خود کو قرنطینہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اُن میں کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز کے مطابق قرنطینہ میں رہوں گا اور گھر سے کام کروں گا۔
آج 2 نومبر کو جاری اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں انہوں نے کہا کہ میرا رابطہ ایک ایسے شخص سے ہوا تھا جس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، میں ٹھیک ہوں اور مجھ میں کوئی علامات نہیں ہیں مگر میں عالمی ادارہ صحت کے پروٹوکولز کے تحت آنے والے دنوں کے لیے خود کو قرنطینہ کر رہا ہوں، اور گھر سے کام کروں گا۔
ٹیڈروس نے اپنے بیان میں اس بات ہر زور دیا کہ یہ بات انتہائی اہم ہے کہ ہم سب صحت کی گائڈ لائنز پر عمل کریں۔ ہم نے اگر وائرس کو ختم کرنا ہے، اس کے پھیلنے کی لڑی کو توڑنا ہے تو پھر یہی اس کا واحد طریقہ ہے۔
خیال رہے کہ جب سے عالمی وبا کورونا وائرس شروع ہوئی ہے اس وقت سے ٹیڈروس اس کے خلاف عالمی ادارہ صحت کی کوششوں کی سربراہی کر رہے ہیں۔