پاکستان کے تمام شہری اقلیتوں کا احترام اور ان کے حقوق کا دل و جان سے خیال رکھتے ہیں، علامہ عارف واحدی
شیعہ نیوز: اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کے نزدیک تمام غیر مسلموں کے حقوق ہیں، ان کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، پاکستان کے تمام شہری اقلیتوں کا احترام اور ان کے حقوق کا دل و جان سے خیال رکھتے ہیں، عالمی سطح پہ ایک سازش کے تحت پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ ہوتا ہے، جو سراسر جھوٹ پہ مبنی ہے، اگر تمام دنیا میں اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھا جائے تو دنیا امن کا گہوارہ بن جایے گی۔ پاکستان علماء کونسل کے زیرانتظام اقلیتوں کے حقوق اور امن عالم کے عنوان سے منعقد ہونیوالے سیمینار سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم مسلمان فخر سے یہ کہتے ہیں کہ ہم تمام انبیاء کا احترام کرتے ہیں، مگر دنیا کے بعض ملکوں میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان میں توہین آمیز حرکتیں کی جاتی ہیں، جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں، عالمی سطح پہ ان امور کو کنٹرول کیا جائے تو یہ نفرتیں اور دوریاں کم ہو سکتی ہیں۔