پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

جی بی کے تمام اضلاع کو قومی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے، علامہ ساجد نقوی

شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ عبوری آئینی صوبے کے قیام کی کوششیں حوصلہ افزاء ہیں اور یہ عمل آئینی حقوق کی جانب مثبت پیش رفت ہے، البتہ تمام سٹیک ہولڈرز کے ذریعے خطے کے عوام کو اعتماد میں لے کر تمام اضلاع سے قومی اسمبلی اور چاروں صوبوں کے مساوی سینیٹ میں نمائندگی دی جائے، گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دینے سے پاکستان کا موقف مزید مضبوط اور مستحکم ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عبوری آئینی صوبہ بارے مجوزہ ڈرافٹ سمیت دیگر متعلقہ امورپر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے دلیر اور بہادر عوام نے بھارتی افواج کو شکست دے کر اور خطے کو آزاد کراکے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا، مگر افسوس 7 دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود آج بھی خطے کے عوام بنیادی آئینی حقوق سے محروم ہیں۔ سب سے پہلے آئینی صوبے کے قیام کی آواز ہم نے بلند کی اور آج تک عوام کو دیئے گئے حقوق کے تحفظ کی خاطر نہ صرف آواز بلند کی بلکہ اپنا کردار بھی ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب وفاق عبوری آئینی صوبہ کے بارے آگے بڑھ رہا ہے تو ہم اِسے خوش آئند قرار دیتے ہیں، البتہ خطے کے عوام کے ساتھ یہ وعدہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی تناظر میں مجوزہ ڈرافٹ میں اِس نکتہ کو شامل کیا جائے کہ کسی بھی رکاوٹ کے دور ہوتے ہی عبوری آئینی حیثیت ازخود مستقل آئینی حیثیت میں تبدیل ہوجائے گی اور فی الفور نافذ العمل ہوگی۔ علامہ ساجد نقوی نے گلگت بلتستان کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی و بین الاقوامی تناظر میں گلگت بلتستان کی عوامی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ مشاورت کے بعد تاریخی فیصلہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جی بی کے پرامن، دلیر اور پاکستان سے محبت کرنے والے عوام جس طرح کئی عشروں سے لائق تحسین استقامت کے ساتھ سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں اسے برقرار رکھیں اور آپس میں باہمی احترام اور بھائی چارے کو مضبوط بنائیں اور اتحاد و وحدت کی فضا کو فروغ دیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button