
تمام مسلمانوں کو مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرنی چاہئے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام دشمن سامراجی قوتیں امریکہ اور اسرائیل امت مسلمہ پر حملہ آور ہیں۔ فلسطین اور غزہ کے 50 ہزار بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کے بعد امریکی صدر ٹرمپ اب غزہ پر قبضے کا شیطانی منصوبہ شروع کر چکا ہے
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ شیعہ سنی مسلمان متحد ہو کر رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کے موقع پر فلسطینیوں کے حق میں غاصب اسرائیل اور امریکہ کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی کی جانب سے نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جیکب آباد کے سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جس میں پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے رہنماء ندیم قریشی، آل ڈومکی اتحاد کے مرکزی وائس چیئرمین حاجی شاہ مراد ڈومکی، بشیر احمد ٹالانی، جنرل سیکرٹری عبدالفتاح ڈومکی، مہران سوشل فورم کے چیئرمین ایڈوکیٹ عبدالحئی سومرو، سابق نائب ناظم سٹی جیکب آباد آغا، غضنفر علی پٹھان، ایس ٹی پی رہنماء مجید سرکی، مجلس علماء مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، صحافی محمد صدیق ٹالانی، جمہوری وطن پارٹی کے رہنماء علی شیر لغاری، احمد علی ٹالانی و دیگر شریک ہوئے۔
یہ بھی پرھیں: تل ابیب نے واشنگٹن کی حمایت سے غزہ کی نسل کشی دوبارہ شروع کردی، حماس
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اسلام دشمن سامراجی قوتیں امریکہ اور اسرائیل امت مسلمہ پر حملہ آور ہیں۔ فلسطین اور غزہ کے 50 ہزار بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کے بعد امریکی صدر ٹرمپ اب غزہ پر قبضے کا شیطانی منصوبہ شروع کر چکا ہے۔ آج امت مسلمہ کے خائن اور غدار حکمرانوں کے چہرے امت مسلمہ کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ شام میں بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والا جولانی شام کے وسیع رقبے پر غاصب اسرائیل کے ناجائز قبضے پر کیوں خاموش ہے؟ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ جمعۃ الوداع یوم القدس ہے۔ تمام مسلمان متحد ہو کر رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کے موقع پر غاصب اسرائیل اور امریکہ کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کریں۔ علماء کرام خطبات جمعہ میں اسرائیلی ظلم اور بربریت کی کھل کر مذمت کریں۔ تحریک آزادی فلسطین، حماس، حزب اللہ اور انصار اللہ کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ یمن پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ انصار اللہ یمن نے بڑی جرات اور بہادری کے ساتھ غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کا ساتھ دیا۔