عمران حکومت کے ترقی کے سارے دعوے خاک میں مل گئے، حاجی حنیف طیب
شیعہ نیوز: نظام مصطفیٰ پارٹی کے چیئرمین و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور لوٹ مار پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اپنے ایک بیان میں حاجی حنیف طیب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کی توقعات کے برعکس کام کیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس، ادویات، چینی، آٹا، سبزیاں، گوشت و دیگر اشیائے ضروریات کی قیمتوں میں کئی گناہ اضافہ نے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ملک میں بڑھتے ہوئے جرائم خودکشیوں کی بڑی وجہ یہی مہنگائی اور بے روزگاری ہے، عوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ایک کابینہ کا اجلاس صرف اس مقصد پر گفتگو کرنے کیلئے بلائیں، اُس کابینہ کے اجلاس کو ٹی وی براہ راست دکھایا جائے کہ جب وہ برسراقتدار آئے تو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی کیا قدر تھی اور اب کیا ہوگئی ہے، کھانے پینے و دیگر اشیائے ضروریہ کے قیمتیں تین سال پہلے کیا تھی اور اب کیا ہوگئی ہے، اس سے اُن کے سارے ترقی کے دعوے خاک میں مل جائیں گے۔