علامہ عارف حسین الحسینی کی زندگی قوم کیلئے مشعل راہ ہے، علامہ علی اکبر کاظمی
شیعہ نیوز: لاہور میں محمدی مسجد گلبرگ میں علامہ شہید عارف حسین الحسینیؒ کی برسی کے موقع پر منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی کا کہنا ہے کہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی زندگی قوم کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائد شہید کی زندگی کا مطالعہ کریں تو وطن سے محبت کا علم ہو گا، قائد شہید نے ساری زندگی وطن عزیز پاکستان کی سربلندی اور اسستکام کیلئے گزار دی، آپ نے ہمیشہ پاکستان کو تقسیم کرنیوالی طاقتوں کو ناکام کیا اور وحدت کو عام کیا آج پھر کچھ بیرونی اور اندرونی طاقتوں نے ملک دشمن عناصر کساتھ مل کر پاکستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں اور پاراچنار میں بیگناہ مسلمانوں کو قتل کر رہے ہیں اور سکیورٹی فورسز خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، مہنگائی کے جن نے گھروں کے چولہے بند کر دیئے ہیں بجلی کے بلوں نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا ہے، پر ان کی شاہ خرچیاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں، ہر طرف ایک عجب ماحول وطن عزیز میں بنا دیا گا ہے، لیکن ہم اپنے قائد شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کے ہر دشمن کو ناکام کریں گے اور کسی صورت نااہل حکمرانوں اور ملک دشمن عناصر کو پاکستان اور عوام سے کھیلنے نہیں دیں گے، ہم متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ حکومت اور سکیورٹی ادارے اپنا قبلہ درست کریں ورنہ ملت جعفریہ اپنے حقوق لینا جانتی ہے، اگر ہم سڑکوں پر نکل آئے تو پھر پاکستان بھر میں صدائے لبیک یاحسینؑ بلند ہوگی، پھر ان کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔